کاروار، 30 ؍ مئی (ایس او نیوز) بخار میں مبتلا نوبیاہتا خاتون پرائیویٹ ہاسپٹل میں علاج کے دوران فوت ہوگئی جس کے بعد متاثرہ خاندان والوں نے پرائیویٹ ڈاکٹر پر غفلت اور کوتاہی کا الزام لگاتے ہوئے پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی ہے ۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق ثناء مانجریکر (24 سال) نامی خاتون کی شادی ابھی 20 دن قبل ہوئی تھی ۔ شادی کے ایک ہفتہ بعد اسے بخار ہوگیا اور آیورویدک علاج سے وہ ٹھیک ہوگئی ۔ پھر گزشتہ کچھ دنوں سے بخار اور کمزوری شروع ہوگئی جس کے علاج کے لئے وہ شہر کے ایک پرائیویٹ ہاسپٹل میں داخل ہوگئی ۔ مبینہ طور پر وہاں ڈاکٹر نے مریضہ کو یکے بعد دیگرے چار انجکشنس لگائے جس کے بعد اس کی حالت بہت بگڑ گئی ۔ تب پرائیویٹ اسپتال والوں نے ایمبولینس کے ذریعے اسے سرکاری اسپتال میں منتقل کروایا جہاں اس کی سنگین حالت کو دیکھتے ہوئے اسے آئی سی یو میں داخل کیا گیا۔ مگر علاج کار گر نہ ہونے پر اس نے دم توڑ دیا ۔
ثناء کی موت کے لئے اس کے گھر والوں نے پرائیویٹ اسپتال کے ڈاکٹر کو ہی ذمہ دار قرار دیتے ہوئے ٹاون پولیس اسٹیشن کے روبرو جمع ہو کر نعرے بازی کی اور ڈاکٹر کے خلاف شکایت درج کرواتے ہوئے ثناء کے لئے انصاف دلانے کا مطالبہ کیا ۔